14 فروری ، 2023
ٹک ٹاک استعمال کرنے والے صارفین جلد اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے اپنی وائرل ویڈیوز پر اضافی آمدنی حاصل کرسکیں گے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے ایک نئے پے وال فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے تخلیق کار مخصوص ویڈیوز تک ایک ڈالر (یا اپنی طے کردہ فیس) کے عوض رسائی فراہم کریں گے۔
ابھی یہ تو واضح نہیں کہ یہ فیچر کس طرح کام کرے گا مگر اس سے ٹک ٹاک صارفین کو اپنی وائرل ویڈیوز سے براہ راست کمانے کا موقع ملے گا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے کریٹیر فنڈ میں بھی تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے کیونکہ ابھی اس سے صارفین کے لیے آمدنی کا حصول کافی مشکل ہے۔
ٹک ٹاک کریٹیر فنڈ کے لیے کسی صارف کے ایک لاکھ فالوورز ہونا ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں کی جانب سے اس میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے نئے منصوبوں پر واضح بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی سروس کو تخلیق کاروں کے لیے زیادہ قابل قدر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ پے وال فیچر کب تک دنیا بھر میں صارفین کو دستیاب ہوگا مگر نئے کریٹیر فنڈ کو مارچ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی کی جانب سے نئے فنڈنگ سسٹم کی آزمائش برازیل اور فرانس میں کی جا رہی ہے۔