16 فروری ، 2023
اب تک متعدد کمپنیوں نے فولڈ ایبل فون تیار کیے ہیں مگر ایپل نے ایسا کوئی آئی فون تیار نہیں کیا۔
اب اس حوالےسے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد پہلا فولڈ ایبل آئی فون تیار ہو جائے گا۔
یو ایس پیٹنٹ آفس نے ایپل کے فولڈ ایبل فون کے ایک پیٹنٹ کو رجسٹر کر لیا ہے۔
اس پیٹنٹ میں ایک فولڈ ایبل ڈیوائس میں ڈسپلے کو دکھایا گیا ہے۔
پیٹنٹ کی تفصیلات کے مطابق صارفین کے لیے اس ڈیوائس میں متعدد ٹچ پوائنٹس (اسکرین سے ہٹ کر بھی) ہوں گے جبکہ وہ جوائے اسٹک، اسکرولنگ وہیل، ٹچ پیڈ، مائیکرو فون اور کی بورڈ کو اس ڈیوائس سے کنکٹ کرسکیں گے۔
اس پیٹنٹ سے یہ عندیہ تو نہیں ملتا کہ اس سال فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرایا جا سکتا ہے مگر بہت جلد ایسا ممکن ضرور ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کے حوالے سے افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں۔
اپریل 2022 میں ایک تجزیہ کار منگ چی کیو نے پیشگوئی کی تھی کہ پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2025 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
2021 میں مختلف رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے کمپنی کے اندر فولڈنگ ڈسپلے کے پروٹوٹائپ ماڈلز پر کام ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے کسی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں جلد بازی نہیں کی جاتی اور اس کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔
ابھی فولڈ ایبل فونز تیار تو ہو رہے ہیں مگر ان میں کافی مسائل سامنے آرہے ہیں۔