Time 07 فروری ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

آئی فونز کا وہ بہترین فیچر جس کا علم بہت کم افراد کو ہے

اس فیچر کا علم بہت کم افراد کو ہے / فوٹو بشکریہ ایپل
اس فیچر کا علم بہت کم افراد کو ہے / فوٹو بشکریہ ایپل

موجودہ عہد میں متعدد افراد کو نیند کے مسائل یا توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ آئی فونز میں ایک ایسا فیچر موجود ہے جو ان مسائل کا حل ثابت ہو سکتا ہے مگر حیران کن طور پر بیشتر افراد کو اس فیچر کا علم ہی نہیں ہوتا۔

آئی او ایس 15 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے آئی فونز میں بیک گراؤنڈ ساؤنڈز کے نام سے یہ فیچر موجود ہے۔

یہ بنیادی طور پر وائٹ نوائز فیچر ہے جو کسی آواز یا ساؤنڈ کے سکون پہنچانے والے تسلسل کو برقرار رکھتا ہے اور دیگر آوازوں کو بلاک کرتا ہے جس سے جلد سونے یا توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملتی ہے۔

فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آئی فون میں سیٹنگز اور پھر Accessibility میں جاکر وہاں Audio/Visual آپشن پر کلک کریں۔

اس آپشن میں جاکر بیک گراؤنڈ ساؤنڈز کو ٹرن آن کر دیں، ایسا کرنے سے ایک سکون پہنچانے والی آواز فون سے خارج ہونے لگے گی جو نیند یا توجہ مرکوز کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

آپ متعدد آوازوں جیسے بارش، چشمہ بہنے اور سمندر سمیت دیگر کا انتخاب کرسکتے ہیں جبکہ والیوم کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ اس فیچر کو ان ایبل کرنے کے بعد آپ کو خود اسے ٹرن آف کرنا ہوگا۔

اس فیچر کا شارٹ کٹ بھی بنایا جا سکتا ہے تاکہ ہر بار پورا عمل نہ دہرانا پڑے۔

مزید خبریں :