Time 17 فروری ، 2023
کھیل

لاہور قلندرز کے حسین طلعت قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر حسین طلعت نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنے کا خواہشمند ہوں، پاکستان کیلئے بطور بیٹنگ آل راؤنڈر لمبا کھیلنا چاہتا ہوں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حسین طلعت نے کہا کہ میرا لاہور قلندرز کے ساتھ پہلا سیزن ہے، کافی انجوائے کررہا ہوں، کراچی اور لاہور کا میچ ہمیشہ زبردست ہوتا ہے، ہر کوئی پرجوش ہوتا ہے، قلندرز نے جس انداز میں پچھلا سیزن ختم کیا تھا، اسی انداز میں یہ سیزن شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں فخر زمان نے مشکل کنڈیشن میں زبردست بیٹنگ کی، فخر زمان کی بیٹنگ کی وجہ سے بعد میں آنے والوں کو اٹیک کا موقع ملا، بولنگ کو دیکھ کر ہمیں اعتماد تھا کہ ہم ٹوٹل کا دفاع کر سکتے ہیں۔

حسین طلعت نے کہا کہ کم اسکور کریں یا زیادہ لیکن اہم بات یہ ہے وہ  اسکور ٹیم کے کام آئے، اپنے ذاتی اہداف کو سائیڈ میں رکھ کر ٹیم کیلئے پرفارم کرتا ہوں، میری یہی سوچ ہے کہ میں ٹیم کی ڈیمانڈ کو پورا کروں، جو مومینٹم ہے، جو ٹیم کا ماحول ہے اس سے یقین ہے انشااللہ اگلا میچ بھی ہم جیتیں گے۔

حسین طلعت نے کہا کہ کرکٹ سمیت کسی بھی شعبے میں اگر کارکردگی کو سراہا جائے تو اس سے انسان خوش ہوتا ہے اور اس کا اعتماد اچھا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنے کا خواہشمند ہوں، نیپال پریمیئر لیگ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ تھا، پی ایس ایل میں بھی یہی ایوارڈ لینا ہے، میرے ڈومیسٹک کے دو سیزن بہت اچھے گئے ہیں اگر پی ایس ایل بھی اچھا گیا تو امید ہے کہ چانس مل جائے گا، قومی ٹیم میں 2011 میں آخری بار کھیلا تھا جس کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :