18 فروری ، 2023
کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشتگرد حملے میں رینجرز سب انسپکٹر سمیت پولیس ہیڈ کانسٹیبل شہید ہوگئے جبکہ 6 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔
رینجرز کے ترجمان کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملہ آور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران رینجرز کا ایک سب انسپکٹر تیمور شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے رینجرز سب انسپکٹر کا تعلق ملتان سے تھا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلے میں زخمی ہونے والے 6 رینجرز اہلکاروں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، رینجرز اور پولیس کے تمام زخمیوں کو کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
کراچی پولیس آفس پر دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس ہیڈ کانسٹیبل غلام عباس کا تعلق لاڑکانہ سے ہے اور وہ ٹینک چوک کے رہائشی تھے۔
شہید غلام عباس نے 2011 میں سندھ پولیس میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی، ترقی کر کے ہیڈ کانسٹیبل بنے۔
کراچی پولیس آفس پر حملے کے وقت ہیڈ کانسٹیبل غلام عباس ڈیوٹی پر مامور تھے اور دہشتگرد حملے میں شہید ہوئے، انہوں نے لواحقین میں 3 بیٹوں اور ایک بیٹی سمیت بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔
کراچی پولیس آفیس پر حملے میں کے پی او کا سوئیپر اجمل بھی شہید ہوا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشتگروں کے حملے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا تھا۔