Time 18 فروری ، 2023
کھیل

کپتان کراچی کنگز عماد وسیم کا محمد عامر کے ’ایگریشن‘ کا دفاع

اگر غلط کیا ہوتا تو ریفری عامر پر جرمانہ کرتے، عامر کے ساتھ کوئی فاسٹ بولر ایسا نہیں جو وکٹ لے کر دے، بابر پر بات نہیں کرنا چاہتا: عماد— فوٹو: سوشل میڈیا
اگر غلط کیا ہوتا تو ریفری عامر پر جرمانہ کرتے، عامر کے ساتھ کوئی فاسٹ بولر ایسا نہیں جو وکٹ لے کر دے، بابر پر بات نہیں کرنا چاہتا: عماد— فوٹو: سوشل میڈیا

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن میں مسلسل تیسری شکست کے بعد کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ تینوں میچز ہاتھ میں تھے مگر فنش نہیں کرپائے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ ابتداء میں ہم نے اچھی بولنگ کی مگر آخر میں اچھی بولنگ نہیں ہوئی، جو ہدف تھا اس کا تعاقب ہونا چاہیے تھا، ہماری ٹیم فنش نہیں کر پارہی، فنشنگ کا مسئلہ ہے، اچھا بھلا کھیلتے کھیلتے وکٹ گنوا دیتے ہیں۔

عماد وسیم نے مزید کہا کہ فاسٹ بولر کا ایگریشن ہوتا ہے، اگر غلط کیا ہوتا تو ریفری عامر پر جرمانہ کرتے، عامر کے ساتھ کوئی فاسٹ بولر ایسا نہیں جو وکٹ لے کر دے، پلیئرز کو مضبوط ارادوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کوشش کریں گے کہ اس شکست کو بھلا کر اگلے میچ میں اچھا کھیلیں۔

عماد وسیم نے کہا کہ مارٹن گپٹل کی اننگز  بہت شاندار تھی، ٹی ٹوئنٹی میں اہم ہے کہ اچھے اسٹارٹ کے بعد اچھا فنش کریں، ہم بری کرکٹ نہیں کھیلے، بہت قریبی میچز ہوئے، شعیب ملک نے زبردست کھیلا، پاکستان میں ان جیسا مڈل آرڈر بیٹر نہیں، میں بابر کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا، میرا فوکس میری ٹیم ہے، ایک بار جیت ملے گی تو شکستوں سے آگے بڑھیں گے،  ایک میچ جیت کر سب کا اعتماد واپس آجائے گا، مجھے یقین ہے کم بیک کریں گے۔

کپتان کراچی کنگز نے کہا کہ ٹیم میں سارے میچ ونرز  ہیں، کمبی نیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں بیٹھ کر سوچنا ہوگا کہ کیا کمبی نیشن لے کر چلنا ہے ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو اب بھی پلے آف کیلئے کوالیفائی کرسکتے ہیں، دو میچز بولنگ، ایک میچ بیٹنگ کی وجہ سے ہارے، ابھی دیکھیں گے کہ لاہور کیخلاف کیا حکمت عملی کرنی ہے، اب تک تو ہماری حکمت عملی ناکام رہی ہے، ہر میچ میں ٹیم جیتنے کی کوشش کرتی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی کنگز کا اگلا میچ اتوار کو لاہور قلندرز سے ہے۔

مزید خبریں :