20 فروری ، 2023
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایت کی ہےکہ جو گاڑیاں ٹرانسفر نہ ہوں انہیں گراؤنڈ کردیں، یونیفارم کے بغیر کوئی شخص ہتھیار نہیں اٹھائے گا۔
سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس آفس پر حملے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دہشت گردوں کی خودکش جیکٹوں کو ڈی فیوز کیا، واقعےکی تہہ تک پہنچیں گے، شہداء نے اپنی جان کی قربانی دے کر بڑے سانحے سے بچالیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جس گاڑی میں دہشت گرد آئے اس گاڑی کے چار مالک بدل چکے تھے مگر وہ پہلے مالک کے ہی نام پر تھی، جو گاڑیاں ٹرانسفر نہ ہوں انہیں گراؤنڈ کر دینا چاہیے، وہ گاڑی ضبط کرلینی چاہیے اور دوبارہ واپس نہیں دیں، محکمہ ایکسائز سےکہا ہےکہ شوروم سےگاڑی نمبرپلیٹ کے ساتھ نکلے، ورنہ نہ نکلے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بندہ وردی میں نہ ہو اس کے پاس ہتھیار نہیں ہونا چاہیے، پولیس سےکہوں گا کہ اس معاملے پر سخت نظر رکھیں،ایسا نہیں ہونا چاہیے، یہ قابل قبول نہیں ہےکہ سادہ لباس ہتھیار لےکر چلیں۔
مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ پہلا زخمی جو جناح اسپتال پہنچا وہ سماجی تنظیم کا تھا، اسے عمارت میں داخل نہیں ہونے دینا چاہیے تھا، انہیں زیادہ جلدی تھی کہ ہم پہلے پہنچیں اور تصویر پہلےکھینچیں، چیف سیکرٹری سےکہا ہےکہ ان سب سے بات کریں اور انہیں ایس او پیز کا بتائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو چاہتے تھےکہ طالبان ادھر آئیں وہ کراچی پولیس آفس پر حملے جیسے واقعات کے ذمہ دار ہیں، حملے نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔