Time 21 فروری ، 2023
کھیل

این او سی نہ ملنے کے باعث سری لنکن اسپنر ہسارنگا کی پی ایس ایل میں شرکت کے امکانات ختم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سری لنکن اسپنر ونندو ہسارنگا کو پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) میں شرکت کیلئے این او سی نہیں مل سکا جس کے بعد ان کے پی ایس ایل 8 میں شرکت کے امکانات ختم ہوگئے ہیں ۔

ہسارنگا کو پی ایس ایل 8 کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پلاٹینم کیٹیگری میں ڈرافٹ کیا تھا اور فرنچائز کو امید تھی کہ وہ پیر تک ٹیم کو جوائن کرلیں گے لیکن سری لنکن کرکٹر این او سی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاکستان کا سفر نہیں کرسکے۔

ہسارنگا ان دنوں سری لنکا میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں ۔

فرنچائز ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ہسارنگا کی عدم دستیابی کے بارے میں اطلاعات ہیں اور وہ اس سلسلے میں مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، ان آپشنز میں ری پلیسمنٹ پلیئر کی شمولیت بھی شامل ہے ۔

اس سلسلے میں پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہسارنگا کے معاملے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپ ڈیٹ دے دی ہے، پی سی بی کو معاملے میں بہتری کی امید تھی تاہم پیر کی رات تک صورتحال تبدیل نہیں ہوئی جس کے بعد ان کی پی ایس ایل میں شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کرکٹ نے کوسال مینڈس کو بھی پی ایس ایل میں شرکت کا این او سی نہیں دیا تھا جس کے سبب لاہور قلندرز کی ٹیم کو مینڈس کی جگہ شائے ہوپ کو پک کرنا پڑا ۔

سری لنکا کے بھنوکا راجاپکسے کو پی ایس ایل میں شرکت کا این او سی مل چکا تھا اور وہ اس وقت پاکستان میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے کیلئے موجود ہیں۔

مزید خبریں :