Time 21 فروری ، 2023
کھیل

کپتان سرفراز احمد غصہ نہیں کرتے بس تھوڑے جارح ہوتے ہیں، محمد حسنین

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد حسنین کا کہنا ہے کہ زلمی کے خلاف شروع میں وکٹیں گریں لیکن بعد میں اچھے رنز بنے،ہمیں لگا تھا کہ ہم اس اسکور کا دفاع کرسکتے تھے۔

پیر کو پی ایس ایل کے 9 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور کوئٹہ نے مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔کوئٹہ کی جانب سے افتخار احمد 50، سرفراز احمد 39 اور اوڈین اسمتھ 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جواب میں پشاور نے ہدف 18.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کوئٹہ کے محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حسنین نے کہا کہ گیند گیلا ہونے کی وجہ سے گرپ نہیں ہو رہا تھا جس سے مشکل ہوئی، ہم نے کوشش پوری کی مگر کامیابی نہیں مل سکی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ہار جیت ہوتی ہے، عمر گل ہر میچ سے پہلے بولنگ کا پلان دیتے ہیں، نیٹس پر ڈیتھ اوورز کی تیاری کیلئے بھرپور پریکٹس کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان سرفراز احمد غصہ نہیں کرتے بس تھوڑے جارح ہوتے ہیں، نسیم شاہ ساتھ کا پلیئر ہے، اس کی بولنگ دیکھ کر اچھا لگتا ہے، اس کی بولنگ دیکھ کر میں بھی سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

مزید خبریں :