21 فروری ، 2023
بھارت میں چھوٹی سے چھوٹی بات پر منڈپ میں ہی دلہا یا دلہن کی جانب سے شادی سے انکار معمول بنتا جا رہا ہے اور اپنی نوعیت کا ایک ایسا واقعہ حال ہی میں پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد میں سسرال کی جانب سے جہیز میں پرانا فرنیچر ملنے پر دلہے نے عین وقت پر شادی سے انکار کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق دلہا بس ڈرائیور ہے اور اتوار کو اس کی شادی ہونے والی تھی تاہم جہیز میں پرانا فرنیچر ملنے کی خبر سن کر اس نے دلہن کے گھر جانے سے منع کرتے ہوئے شادی سے انکار کر دیا۔
دلہے کی جانب سے عین وقت پر شادی سے انکار پر دلہن کے والد نے پولیس میں شکایت درج کرائی اور مقدمہ درج کیا گیا۔
دلہن کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ جب میں شادی سے انکار کی وجہ پوچھنے دلہے کے گھر گیا تو لڑکے کے والد نے میرے ساتھ کافی بدتمیزی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ دلہے والوں نے جہیز میں جو سامان مانگا تھا میں غربت کی وجہ سے وہ مکمل طور پر انہیں نہیں دے سکا جبکہ دیا گیا فرنیچر بھی پرانا تھا جس وجہ سے لڑکے والوں نے شادی سے انکار کردیا۔
پولیس کے مطابق جہیز پر پابندی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔