Time 21 فروری ، 2023
کھیل

اگر ورلڈکپ میں شاہین کی جگہ میں ہوتا تو گھٹنا تڑوالیتا لیکن 12 گیندیں کرواتا: شعیب

 
یہ وہ لمحہ تھا جہاں آپ سپر اسٹار بن سکتے تھے، اگر میں اس روز شاہین کی جگہ ہوتا تو میں پاکستان کیلئے مرجاتا: سابق کرکٹر کی گفتگو/ فائل فوٹو
یہ وہ لمحہ تھا جہاں آپ سپر اسٹار بن سکتے تھے، اگر میں اس روز شاہین کی جگہ ہوتا تو میں پاکستان کیلئے مرجاتا: سابق کرکٹر کی گفتگو/ فائل فوٹو

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے  فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انجرڈ ہونے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا  گٹھنا تڑوالیتا  مرجاتا لیکن 12 گیندیں ضرور کرواتا۔

 حال ہی میں نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران میزبان کے سوال پر شعیب اختر نے شاہین شاہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا اور اس وقت میرے پاس  12 منٹ اور 12 گیندیں   ہوتیں تو میں ان 12 گیندوں سے   پاکستان کی سب سے بڑی سیلیبرٹی بن جاتا، میں قوم کا ہیرو بن جاتا‘۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا’ اس روز  میں ایک گیند کرتا اس کے بعد  آکر گرتا، میرا گٹھنا ٹوٹتا میرا منہ زمین پر لگتا، میرے منہ سے خون آرہا ہوتا لیکن  میں پھر کھڑا ہوتا میں انجیکشن لگواتا، گٹھنے کو سن کرتا، پھر گرتا، پھر اٹھتا، پھر آتا اور  پھر گرتا، لوگ مجھے کہتے تم گرجاؤ گے تمہارا گٹھنا ٹوٹ جائے گا، میں کہتا میرے لیے مرجانا بہتر ہے اس وقت لیکن ورلڈکپ ہاتھ سے نہ جائے‘۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لمحات کو محسوس کرتے ہوئے شعیب اختر کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ وہ لمحہ تھا جہاں آپ سپر اسٹار بن سکتے تھے، اگر میں اس روز شاہین کی جگہ ہوتا تو میں  پاکستان کیلئے مرجاتا، میں گٹھنا تڑوالیتا کیوں کہ مجھے پتا ہے کہ گھٹنا جڑ جائے گا لیکن یہ لمحہ واپس نہیں آنا تھا‘۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے فائنل میچ کے دوران کیچ لیتے ہوئے شاہین آفریدی کا گھٹنا زمین پر لگا تھا جس کے بعد شاہین اپنا اوور مکمل نہیں کرسکے تھے، وہ 16 ویں اوور کی ایک گیند کراکر میدان سے باہر چلے گئے جس کے بعد باقی اوور افتخار احمد نے مکمل کیا لیکن  انگلینڈ کی فتح کے بعد پاکستان کو  ورلڈکپ  سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

مزید خبریں :