پاکستان
Time 23 فروری ، 2023

شاہ محمود کا خیال تھا کہ گرفتار کر کے انہیں چائے بسکٹ کھلائے جائیں گے: عامر میر

پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا، شیشے توڑے، پولیس اہل کاروں سے ہاتھا پائی کی، قانون توڑیں گے تو جیل جانا پڑے گا: نگراں وزیر اطلاعات پنجاب— فوٹو: فائل
پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا، شیشے توڑے، پولیس اہل کاروں سے ہاتھا پائی کی، قانون توڑیں گے تو جیل جانا پڑے گا: نگراں وزیر اطلاعات پنجاب— فوٹو: فائل

پنجاب کے نگراں وزیرِ اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کا خیال تھا کہ گرفتار کر کے حکومت انہیں چائے بسکٹ کھلائے گی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی گرفتار ہونے آئے تھے اس لیے ان کا گلہ بنتا نہیں۔

عامر میر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا، شیشے توڑے، پولیس اہل کاروں سے ہاتھا پائی کی، قانون توڑیں گے تو جیل جانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جن لوگوں نے گرفتاری دی ہیں ان کا دل کیوں توڑیں، جس شہر کی جیل میں گنجائش ہوگی انہیں وہاں بھیج دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کا آغاز لاہور سے ہو گیا ہے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی اور کئی کارکنوں نے رضاکارانہ طور پر گرفتاری پیش کردی جبکہ زبیر خان نیازی کو کارکنان پولیس کی گرفت سے چھڑا کر لے گئے، پولیس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

مزید خبریں :