کھیل
Time 23 فروری ، 2023

شعیب کی شاہین پر تنقید، شاہد آفریدی داماد کی حمایت میں سامنے آ گئے

شعیب اختر نے بہت انجیکشنز لگوائے ہیں اسی وجہ سے تو وہ آج چل بھی نہیں سکتا: شاہد آفریدی۔ فوٹو فائل
شعیب اختر نے بہت انجیکشنز لگوائے ہیں اسی وجہ سے تو وہ آج چل بھی نہیں سکتا: شاہد آفریدی۔ فوٹو فائل

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی پر تنقید کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے داماد شاہین آفریدی کی حمایت میں سامنے آ گئے۔

شعیب اختر نے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران انتہائی اہم موقع پر اپنا اوور مکمل نہ کر کے پاکستان کا ہیرو بننے کا سنہری موقع ضائع کر دیا۔

ان کا کہنا تھا اگر شاہین آفریدی کی جگہ میں ہوتا تو صرف 12 منٹس میں وہی گیندیں کروا کر پاکستان کی مشہور شخصیت بن جاتا، میں بولنگ کے لیے آتا، گرتا، گھٹنے تڑواتا لیکن میں دوبارہ کھڑا ہوتا، انجیکشن لگواتا اور اس عمل کو دوبارہ دہراتا۔

شاہد آفریدی نے شعیب اختر کے بیان پر کہا کہ یہ کسی بھی فاسٹ بولر کے لیے بہت زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے کہ وہ انجری کے ساتھ کھیلے، شعیب اختر نے بہت انجیکشنز لگوائے ہیں اسی وجہ سے تو وہ آج چل بھی نہیں سکتا۔

شابق کپتان قومی ٹیم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا یہ شعیب اختر کی کلاس ہے، وہ یہ کر سکتے ہیں لیکن یہ مشکل ہے، ہر کوئی شعیب اختر کی طرح نہیں ہو سکتا، انجری میں انجیکشن اور درد کش ادویات لیکر کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس سے آپ کی انجری میں اضافے کا خدشہ ہوتا ہے، اس معاملے میں ہمیں شعیب اختر کو اکیلا ہی چھوڑ دینا چاہیے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان کی جانب سے دیا گیا 139 رنز کا ہدف حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس میچ کے دوران شاہین آفریدی 19 ویں اوور میں انجری کا شکار ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔

مزید خبریں :