Time 23 فروری ، 2023
پاکستان

پولیس نے سابق گورنر شاہ فرمان کو گرفتاری دینے کا کہاتو انہوں نے کیا جواب دیا؟

پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا گیا تاہم حقیقت اس کے برعکس نکلی، سابق گورنر شاہ فرمان سمیت پی ٹی آئی کے صوبائی قائدین نے گرفتاری دینے کی بجائے صرف ریلی نکالی۔

سرکاری حکام کے مطابق جب پی ٹی آئی کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا آغاز پشاور شہر سے کیا گیا تو ایس پی سٹی عبدالسلام خالد نے سابق گورنر شاہ فرمان کو گرفتاری دینے کا کہا لیکن انہوں نے یہ جواب دیا کہ وہ امن وامان کی صورتحال سے آگاہ ہیں، ایک گھنٹہ جلسہ کریں گے تاہم گرفتاری نہیں دیں گے۔

اسی طرح جب ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے سابق وزیر تعلیم شہرام ترکئی کو گرفتاری کا کہا تو شہرام ترکئی نے بھی گرفتاری دینے سے گریز کیا۔

جب پی ٹی آئی کی ریلی پشاور کینٹ میں داخل ہوئی تو ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے شرکاء سے کہا کہ اگرفتاری دینی ہے تو قیدیوں کی گاڑیاں موجود ہیں، سکیورٹی کا مسئلہ ہے اگر گرفتاری دینی ہے تو جلدی دیں، تاہم کسی نے بھی گرفتاری نہیں دی۔

دوسری جانب سابق گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ جیل بھرو تحریک کے دوران گنے کے جوس سے محظوظ ہوتے رہے۔ سابق گورنر نے جوس پیتے ہوئے کہا کہ اللہ خیر کرے دھوپ میں میری طبیعت خراب ہو جاتی ہے۔


مزید خبریں :