دنیا
Time 24 فروری ، 2023

روسی حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر یوکرین نے خصوصی نوٹ جاری کر دیا

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

روسی حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر یوکرین نے خصوصی نوٹ جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ24 فروری 2022 کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرتے ہوئے جنگ کا اعلان کیا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق گزشتہ سال سے اب تک روس یوکرین جنگ میں 42 ہزار سے زائد افراد جان سے گئے جبکہ 56 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ 15 ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ 

تاہم روسی حملے کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر یوکرین کے مرکزی بینک نے جمعرات کو ایک یادگاری نوٹ کی نقاب کشائی کی۔

رپورٹس کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے یوکرینی کرنسی Hryvnia کا 20 کا خصوصی نوٹ جاری کیا گیا جس کے ایک طرف تین فوجیوں کو قومی پرچم بلند کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

نوٹ کی دوسری طرف رسی سے بندھے ہوئے دو ہاتھوں کی تصویر ہے جو مبینہ طور پر جنگی جرائم کی نشاندہی کرتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیشنل بینک آف یوکرین کے گورنر نے کہا کہ جنگ کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ہم نے ایک یادگاری نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا جو کاغذ کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے پر سال بھر کے جذبات، مواد اور مشہور چیزوں کی عکاسی کرے گا۔

مرکزی بینک کے حکام نے کہا کہ اس نوٹ کو ڈیزائن اور تیار کرنے میں تقریباً 8 ماہ لگے۔


مزید خبریں :