26 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فرنچائزز مالکان نے ٹورنامنٹ کے میچز یو اے ای یا امریکا میں کرانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
پی ایس ایل 8 کے میچز کی لاہور سے منتقلی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور فرنچائزز اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ سکیورٹی کی مد میں پنجاب حکومت کوپی سی بی کی طرف سے ادائیگی نہیں کی جائے گی اور پی سی بی لاہور میں دو میچز کرانے کے فیصلے پر قائم ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا مؤقف ہے غیر ملکی کھلاڑیوں اور ٹیموں کو سکیورٹی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ فرنچائزز کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل میچز متحدہ عرب امارات یا امریکا میں کرانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ پی سی بی پیٹرن ان چیف وزیراعظم انٹرنیشل برانڈ پی ایس ایل کو بیورو کریٹک مداخلت سے بچائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ لاہور سے میچز منتقل کرنے کے فیصلے پر قائم ہے۔
یاد رہے کہ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے سکیورٹی اخراجات کے معاملے پر آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم کی جانب سے نجم سیٹھی کو مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔