27 فروری ، 2023
جیل کا نام سن کر ذہن میں جو خیال آتا ہے وہ تنگ و تاریک کمروں اور اس میں موجود قیدیوں کا ہوتا ہے۔
مگر تصور کریں ایسی جیل کا جہاں فائیو اسٹار ہوٹل جیسے کمرے موجود ہیں جن میں فلیٹ اسکرین ٹی وی، باتھ روم اور کچن سمیت دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔
جی ہاں واقعی یہ کوئی ریزورٹ یا تفریح گاہ نہیں بلکہ یورپی ملک ناروے کی ہالڈن نامی جیل ہے جہاں مجرموں کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا جاتا ہے۔
اس جیل میں قتل اور دیگر سنگین جرائم میں سزا پانے والے قیدیوں کو پرتعیش کمروں میں رکھا جاتا ہے جہاں وہ سپر مارکیٹ، جم اور جدید ترین ریکارڈنگ اسٹوڈیو جیسی سہولیات سے مستفید ہوتے ہیں۔
یہاں تک کہ ان قیدیوں کو ہر ہفتے کے اختتام پر اپنے خاندان کے ساتھ ایک خصوصی فیملی لاج میں رہنے کی اجازت بھی حاصل ہے۔
اسے دنیا کی سب سے اچھی اور پرتعیش جیل قرار دیا جاتا ہے۔
ناروے کے حکام کے مطابق ہماری جیلوں کے لیے سخت ترین سکیورٹی کی بجائے زیادہ سے زیادہ آرام پہنچانے کو ترجیح دی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں جرائم کی شرح دنیا میں سب سے کم ہے۔
اس جگہ کا ڈیزائن دانستہ طور پر ایسا رکھا گیا ہے کہ یہ کسی طرح جیل نظر نہ آئے۔
اس جیل کی کھڑکیوں یا دروازوں میں سلاخیں نہیں اور یہ ایک سر سبز جنگل کے درمیان 78 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔
قیدیوں کے کمروں میں الماریاں بھی موجود ہیں جبکہ فریج اور دیگر چیزوں کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔
یہاں تک کہ دانتوں کی سرجری بھی کرائی جاسکتی ہے جبکہ سپر مارکیٹ میں ایسے تمام کھانے دستیاب ہیں جن تک رسائی کے بارے میں عام افراد سوچ بھی نہیں سکتے۔
اس جیل میں قیدیوں کو کمپیوٹر کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ مختلف تکنیکی کا م بھی سکھائے جاتے ہیں تاکہ وہ جیل سے نکلنے کے بعد بیروزگاری سے بچ سکیں۔