پاکستان
18 دسمبر ، 2012

الطاف حسین سے اظہار یکجہتی، کارکنان نائن زیرو اور زونل دفاتر میں جمع

الطاف حسین سے اظہار یکجہتی، کارکنان نائن زیرو اور زونل دفاتر میں جمع

کراچی … الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے ایم کیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد کراچی میں متحدہ کے مرکز نائن زیرو اور حیدر آباد، میر پور خاص سمیت دیگر زونل آفس پر جمع ہوگئے، جبکہ لندن سیکریٹریٹ میں پاکستان اور دیگر ممالک سے کارکنان اور ہمدردوں نے فون کرکے الطاف حسین سے کسی بھی صورت میں قیادت نہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا، کارکنان الطاف حسین کی حمایت میں نعرے لگارہے ہیں جبکہ کچھ کارکن جذباتی ہو کر رو پڑے، الطاف حسین سے قیادت نہ چھوڑنے کا مطالبہ کردیا، متحدہ ذرائع کے مطابق الطاف حسین کارکنوں سے خطاب نہیں کریں گے۔ سیاست چھوڑنے سے متعلق الطاف حسین کے سوال پر متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کی بڑی تعداد کراچی میں نائن زیرو، حیدر آباد اور میر پور خاص سمیت دیگر شہروں کے زونل آفس پر جمع ہوگئی جہاں انہوں نے الطاف حسین کی حمایت میں شدید نعرے بازی کی۔ ایم کیو ایم کے کارکنان نے جذباتی انداز میں ”ہمیں منزل نہیں رہنما چاہئے“ اور دیگر نعرے لگائے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ہم رہیں نہ رہیں آپ ہمیشہ ہمارے قائد رہیں گے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق متحدہ کے لندن میں انٹرنیشنل سیکریٹر یٹ پر کارکنان اور ہمدردوں نے بڑی تعداد میں ٹیلی فون کالز کیں اور مطالبہ کیا کہ الطاف حسین کسی بھی صورت میں ایم کیو ایم کی قیادت نہ چھوڑیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بیرون ملک سے کارکنان اور ہمدردوں نے فون کرکے کہا کہ ہم سب الطاف بھائی کے ساتھ ہیں، جبکہ اس موقع پر کئی کارکنان جذبات سے مغلوب ہو کر رونے لگے۔ واضح رہے کہ الطاف حسین نے کارکنان سے سوال کیا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ان کے ڈٹ جانے سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے تو کیا انہیں تحریک کی قیادت اور سیاست چھوڑ دینی چاہئے؟۔

مزید خبریں :