28 فروری ، 2023
اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیےگئے۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
آج 4 مختلف کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی انسداد دہشت گردی عدالت اور بینکنگ کورٹ سمیت سیشن عدالت کے 2 کیسز میں پیشی تھی جب کہ انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی پیش ہونا تھا جہاں انہوں نے ایک مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات حذف کرنے سے متعلق درخواست میں بائیومیٹرک کی تصدیق کرانی تھی۔
ہائی کورٹ میں دوسری درخواست عمران خان نے اقدام قتل کے کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی دائر کی ہے۔
عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت اور بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے جہاں ان کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں جب کہ اقدام قتل اور توشہ خانہ ریفرنس میں وہ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کے وکلا نے عدالت سے درخواست ضمانت بھی واپس لے لی۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان پیش نہیں ہوسکتے، مزید 5 روز کی مہلت دی جائے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون سا طریقہ ہے کہ عمران خان 11 کورٹس میں پیش ہوسکتے ہیں، کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے، ادھرکے لیے ٹائم نہیں بچے گا، یہ کونساطریقہ ہے، ادھر فرد جرم عائد ہونا ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہوجائے تو پھرچلے جائیں۔
بعد ازاں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
سیشن عدالت نے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔
جوڈیشل کمپلیکس میں انسداد دہشت گردی عدالت اور بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کےگیٹ پر عمران خان کی گاڑی کو روک دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد عمران خان کی گاڑی کو بائیومیڑک کے لیے احاطہ عدالت میں آنے کی اجازت دے دی گئی ، عمران خان نے گاڑی میں بیٹھ کر بائیو میٹرک کرایا جس کے بعد وہ عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اقدام قتل کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور ان کی عبوری ضمانت 9 مارچ تک منظور کی گئی۔
عبوری ضمانت منظور کرنے پر عمران خان نے کھڑے ہو کر عدالت کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ محسن شاہنواز رانجھا نے عمران خان کے خلاف اقدام قتل کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔