28 فروری ، 2023
موجودہ عہد میں اسمارٹ فونز کو چارج کرنے کی ٹیکنالوجی کافی بہتر ہوئی ہے مگر ابھی کسی فون کی 100 فیصد چارجنگ کے لیے کم از کم ایک گھنٹہ تو انتظار کرنا پڑتا ہے۔
تاہم بہت جلد آپ اپنے اسمارٹ فون کو محض 5 منٹ میں مکمل چارج کر سکیں گے۔
جی ہاں ایک اسمارٹ فون کمپنی نے 300 واٹ فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی تیار کی ہے۔
اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اسمارٹ فون بیٹری کو 0 سے 100 فیصد تک چارج ہونے کے لیے محض 5 منٹ سے بھی کم وقت درکار ہوتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایک ویڈیو میں اس ٹیکنالوجی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس ویڈیو میں 4100 ایم اے ایچ بیٹری کو چارج کیا گیا تھا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ فون کی بیٹری کو صفر سے 50 فیصد تک پہنچنے میں 2 منٹ 11 سیکنڈ لگے۔
اسی طرح 5 منٹ سے کچھ سیکنڈ قبل بیٹری 100 فیصد چارج ہوگئی۔
کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے اڈاپٹر کو حجم چھوٹا رکھا گیا ہے۔
تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ کسی اسمارٹ فون میں کب تک اس ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا جائے گا۔