28 فروری ، 2023
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اٹلی میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق کشتی ڈوبنے کا حادثہ 26 فروری کو بن غازی لیبیا کے قریب پیش آیا۔
ان کا کہنا تھاکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کشتی کے حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے، طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ لاشوں کوپاکستان منتقل کرنے میں مدد کر رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق کشتی میں 20 کے قریب پاکستانی سوار تھے جن میں سے 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے اور 16 کو بچالیا گیا۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ کشتی میں سوار افراد غیرقانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جارہے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے اور کئی لاپتہ ہیں۔
سفارتخانے نے ابتدائی طور پر 28 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی اور 12 لاپتہ قرار دیے تھے۔