ٹیریان کیس:غلط تفصیلات پر الیکشن کمیشن پرلازم تھا 120دن میں ایکشن لیتا، ہائیکورٹ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

عمران خان کے خلاف مبینہ بیٹی ٹیریان وائٹ کو چھپانے پر نااہلی کے کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامرفاروق نےکہا ہے کہ غلط تفصیلات پر الیکشن کمیشن کے لیے لازم تھا کہ 120دن میں ایکشن لیتا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مبینہ بیٹی ٹیریان وائٹ کو چھپانے پر نااہلی کےکیس میں عمران خان کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بینچ  نےکیس کی سماعت کی، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر بینچ کا حصہ ہیں۔

عمران خان کی جانب سے وکیل سلمان اکرم  راجہ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ درخواست گزار  محمد ساجد کے  وکیل سلمان بٹ (سابق اٹارنی جنرل) تبدیل ہوگئے اور ان کی جگہ سابق جج حامد علی شاہ وکیل مقرر ہوگئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ  لاہور ہائی کورٹ کافیصلہ آیاہےکہ الیکشن کمیشن کسی کو نااہل نہیں کرسکتا، فیصلے کے مطابق اہلیت دیکھنے کا اختیار ہائی کورٹس اور دیگر عدالتوں کا ہے، اس فیصلے کو بھی دیکھ لیں، حبیب اکرم کیس میں سپریم کورٹ نے بیان حلفی کاغذات کا حصہ بنایا، فیصلے کے مطابق زیرکفالت بچوں کی تفصیلات بتانا لازم تھیں۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق بچوں کی تفصیلات بتانا تو لازم نہیں ہیں نا؟ اس پر وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ  الیکشن ایکٹ کےمطابق یہ تفصیلات دینا لازم نہیں ہیں، اثاثوں کی فہرست میں بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بتانا لازم ہیں،  اس اعتبار سےڈائریکٹ نہیں  اِن ڈائریکٹ طورپربچوں کی تفصیلات بتانا لازم ہیں۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ اگر  تفصیلات غلط جمع کرائی گئی ہوں تو  الیکشن ایکٹ کیا کہتا ہے؟  اس پر وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ اگر تفصیلات غلط ہوں تو یہ کرپٹ پریکٹس میں آئےگا۔

چیف جسٹس نےکہا کہ  غلط تفصیلات پر الیکشن کمیشن نے 120 دن کے اندر  ایکشن لینا ہوتا ہے،  اگر الیکشن کمیشن نے ایکشن نہیں لیا تو پھر بس نہیں لیا۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا  تھا کہ میرے موکل کے خلاف دائر درخواست قابل سماعت ہی نہیں، درخواست میں استدعاکی گئی کہ میرے موکل کو این اے 95 سے نااہل کیا جائے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ درخواست گزار کے وکیل بدھ اور جمعرات کو وکیل الیکشن کمیشن دلائل مکمل کریں، پھر عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے دلائل سنیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نےکیس کی سماعت 8 مارچ تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :