01 مارچ ، 2023
کیا آپ کا آئی فون معمول سے زیادہ وقت میں چارج ہو رہا ہے یا یوں کہہ لیں سست چارجنگ کے مسئلے کا سامنا ہے؟
اگر ہاں تو ایسا آپ کے آئی فون میں کسی خرابی کی وجہ سے نہیں ہو رہا بلکہ کمپنی کی جانب سے متعارف کرایا گیا ایک فیچر اس کی وجہ ہے۔
ایپل کی جانب سے اکتوبر 2022 میں آئی او ایس 16.1 میں ایک فیچر کلین انرجی چارجنگ متعارف کرایا گیا تھا جو سست چارجنگ کا باعث بن رہا ہے۔
اس فیچر کا مقصد آئی فون چارجنگ کے دوران توانائی کے خرچ میں کمی لانا ہے تاکہ ماحولیاتی نقصانات کی روک تھام کی جاسکے۔
اس فیچر سے فون اس وقت چارج ہوتا ہے جب بجلی سے کاربن کا کم اخراج ہوتا ہے۔
جب آپ آئی فون کو چارجر پر لگاتے ہیں تو یہ فیچر مقامی گرڈ سے کاربن کے اخراج کی پیشگوئی کرتا ہے۔
اس کے بعد فون اس معلومات کو استعمال کرکے آئی فون کو اس وقت چارج کرتا ہے جب اسے ماحول دوست ذریعے سے توانائی ملتی ہے۔
تو اس فیچر کے باعث کچھ صارفین کے آئی فون کئی گھنٹوں تک بھی چارج نہیں ہوتے۔
یہ فیچر صرف مخصوص مقامات جیسے آپ کے گھر یا ان جگہوں پر ہی کام کرتا ہے جہاں آپ زیادہ وقت گزارتے ہیں اور فون کو دیر تک چارج کرتے ہیں۔
کسی نئی جگہ پر یہ فیچر کام نہیں کرتا۔
اس مسئلے کا حل بھی آسان ہے۔
ویسے تو یہ فیچر بائی ڈیفالٹ ان ایبل ہوتا ہے مگر آپ اسے آسانی سے ڈس ایبل کر سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے سیٹنگز میں بیٹری کے آپشن میں جائیں اور وہاں بیٹری ہیلتھ اور پھر چارجنگ پر کلک کریں۔
وہاں نیچے کلین انرجی چارجنگ کا آپشن ہوگا جسے ٹرن آف کر دیں۔