اورنگی ٹاؤن میں اسکول کے کلاس روم میں فائرنگ، طالبہ زخمی

لڑکا شفٹ ختم ہونے کے بعد اسکول کے اندر ہی موجود رہا، لڑکی جب کلاس سے نکلنے لگی تواسے گولی لگی: اسکول انتظامیہ— فوٹو: فائل
لڑکا شفٹ ختم ہونے کے بعد اسکول کے اندر ہی موجود رہا، لڑکی جب کلاس سے نکلنے لگی تواسے گولی لگی: اسکول انتظامیہ— فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے اسکول میں فائرنگ سے طالبہ زخمی ہوگئی۔

اسکول انتظامیہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ فائرنگ اسکول کے کلاس روم میں ہوئی، ساتھی طالب علم اسلحہ لایا تھا اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔

اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالب علم کے گھر والوں نے بھی موبائل فون بندکردیا ہے، فائرنگ کرنے والے لڑکے کا نام فضل اللہ ہے۔

اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ بوائزشفٹ 4 بجے اور گرلز کی شفٹ ساڑھے 4 بجے ختم ہوئی تھی، لڑکا شفٹ ختم ہونے کے بعد اسکول کے اندر ہی موجود رہا، لڑکی جب کلاس سے نکلنے لگی تواسے گولی لگی۔

پولیس کے مطابق زخمی طالبہ کواسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا، اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گولی حادثاتی طورپرچلی یا لڑکی کو زخمی کیا گیا، تحقیقات جاری ہیں۔

کلاس کے اندر اچانک گولی چلی جو میری کمر میں لگی: زخمی طالبہ کا بیان

دوسری جانب زخمی طالبہ  نے پولیس کو واقعے سے متعلق بیان دے دیا ہے۔ زخمی طالبہ کا کہنا تھاکہ فائرنگ کلاس روم کے اندر ہوئی، ساتھی طالبعلم فضل اللہ اسکول بیگ کے اندر اسلحہ لایا تھا اور کلاس کے دیگر دوستوں کو بھی اسلحہ دکھایا تھا۔

طالبہ کا کہنا تھاکہ کلاس کے اندر اچانک گولی چلی جو میری کمر میں لگی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق گولی حادثاتی طور پر ہی چلی ہے، فضل اللہ کے خلاف اقدام قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا، لڑکی کے والد کا بیان لیکر مقدمہ کا اندراج کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل گلشن اقبال میں کوچنگ سینٹرمیں فائرنگ سے طالب علم ہلاک ہوگیا تھا، کوچنگ سینٹر میں فائرنگ کا ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکا۔

مزید خبریں :