02 مارچ ، 2023
کیا صبح بیدار ہونے کے بعد ذہنی طور پر نئے دن کے لیے زیادہ بہتر انداز سے تیار یا چاق و چوبند رہنا چاہتے ہیں؟
تو سونے کے دوران آئی ماسک کا استعمال کریں۔
یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔
جرنل سلیپ میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کے دوران روشنی کو آنکھوں تک پہنچے سے روکنے سے اگلی صبح کے لیے ذہن زیادہ مستعد ہوتا ہے جبکہ یادداشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں 122 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن پر 2 مختلف طرح کے تجربات کیے گئے۔
پہلے تجربے کے لیے 18 سے 35 سال کی عمر کے 89 افراد کو ایک ہفتے تک سونے کے دوران آئی ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی اور پھر مزید ایک ہفتے تک بغیر ماسک کے سونے کا کہا گیا۔
نائج سے معلوم ہوا کہ آئی ماسک پہننے والے افراد نے ذہنی ٹیسٹوں میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ ان کے ردعمل کا وقت بھی بہتر ہوگیا۔
دوسرے تجربے میں 18 سے 35 سال کی عمر کے 33 افراد کو ایک رات آئی ماسک پہنا کر ڈیوائسز کے ذریعے نیند کے دوران دماغی سرگرمیوں اور روشنی کے حوالے سے ردعمل کی جانچ پڑتال کی گئی۔
اس کے بعد ایک رات آئی ماسک کے بغیر سلایا گیا اور پھر اس کے نتائج کا موازنہ آئی ماسک کے ڈیٹا کے ساتھ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ آئی ماسک پہننے سے یادیں بننے اور کچھ نیا سیکھنے جیسے دماغی افعال بہتر ہوگئے۔
محققین نے کہا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ آئی ماسک کو پہننا دماغی افعال کو بہتر بنانے کا ایک مؤثر اور سستا طریقہ ہے جس کے روزمرہ کی زندگی پر نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ماسک نیند کے دوران روشنی کو آنکھوں تک پہنچنے سے روکتے ہیں جس سے یادداشت اور ذہنی مستعدی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، جس کا اثر روزمرہ کے کاموں جیسے پڑھائی یا ڈرائیونگ پر نظر آتا ہے۔