02 مارچ ، 2023
واٹس ایپ میں روزانہ اربوں میسجز بھیجے جاتے ہیں اور بیشتر افراد غلطی سے ایسے پیغام بھیج دیتے ہیں جو وہ سینڈ کرنا نہیں چاہتے۔
پہلے تو ایسے میسجز کو بھیجنے کے بعد افسوس کرنے کے سوا کوئی آپشن موجود نہیں تھا مگر 2017 میں واٹس ایپ نے صارفین کا دیرینہ مطالبہ اس وقت پورا کردیا، جب ڈیلیٹ فار ایوری ون فیچر متعارف کرایا گیا۔
اس فیچر کے بعد کوئی صارف کسی انفرادی یا گروپ چیٹ سے کوئی پیغام ڈیلیٹ کرتا ہے تو سب کے سامنے یہ لکھا آتا ہے 'یو ڈیلیٹڈ دس میسج'۔
مگر یہ بات بھی درست ہے کہ بیشتر صارفین کو یہ تجسس ہوتا ہے کہ کسی میسج میں ایسا کیا لکھا تھا جو اسے ڈیلیٹ کیا گیا۔
تو اگر آپ ایسے ڈیلیٹ میسج کو پڑھنا چاہتے ہیں اور اینڈرائیڈ فون استعمال کرتے ہیں تو 2 طریقوں سے ایسا ممکن ہے۔
پہلا طریقہ کار تو خود گوگل نے آپ کے اینڈرائیڈ فون میں فراہم کیا ہوا ہے۔
نوٹیفکیشن ہسٹری میں ڈیوائس کو موصول ہونے والے تمام نوٹیفکیشنز محفوظ ہوتے ہیں، چاہے انہیں ڈیلیٹ ہی کیوں نہ کر دیا جائے۔
تو اس کی مدد سے واٹس ایپ کے ڈیلیٹ میسجز پڑھنا بھی ممکن ہے، بیشتر اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں اس کا طریقہ کار بھی ملتا جلتا ہوتا ہے۔
اس مقصد کے لیے سیٹنگز میں جاکر نوٹیفکیشنز کو اوپن کریں اور وہاں نوٹیفکیشن ہسٹری پر کلک کریں۔
نوٹیفکیشن ہسٹری کو ان ایبل کر دیں، جس کے بعد واٹس ایپ کے ڈیلیٹ کیے گئے میسجز نوٹیفکیشن ہسٹری ٹیب میں نظر آئیں گے، درحقیقت انسٹاگرام کے ڈیلیٹ میسجز بھی وہاں دیکھنا ممکن ہے۔
بس یہ یاد رہے کہ ایک ڈیلیٹ میسج نوٹیفکیشن ہسٹری میں 24 گھنٹے تک موجود رہتا ہے جس کے بعد وہ ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ ہو جاتا ہے۔
ڈیلیٹ پیغامات کو پڑھنے کے لیے نوٹیفکیشن ہسٹری طریقہ کار بہترین ہے مگر تمام اینڈرائیڈ فونز میں یہ آپشن موجود نہیں۔
کچھ کمپنیوں نے نوٹیفکیشن ہسٹری کا آپشن ہی اپنے فونز کا حصہ نہیں بنایا تو ایسی ڈیوائسز کے لیے WAMR ایپ متبادل ذریعہ ہے۔
واٹس ایپ اور انسٹاگرام کے ساتھ ساتھ ہر چیٹ ایپ کے لیے اسے استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ ڈیلیٹ میسجز بھی ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔
یہ ایپ گوگل پلے اسٹور میں موجود ہے مگر یہ خیال رہے کہ آپ کو اسے نوٹیفکیشنز تک رسائی فراہم کرنا ہوگی۔
اگر آپ ذاتی ڈیٹا کے حوالے سے حساس ہیں تو پھر اس ایپ کے استعمال سے گریز کریں۔