ایلون مسک 48 گھنٹوں کے اندر ہی دنیا کے امیر ترین شخص کے اعزاز سے محروم

ایلون مسک / فائل فوٹو
ایلون مسک / فائل فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص کے اعزاز سے محروم ہوگئے ہیں۔

فروری 2023 کے اختتام پر ایلون مسک نے فرانس کے برنارڈ آرنلٹ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

مگر 48 گھنٹوں کے اندر ہی وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلے سے دوسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ برنارڈ آرنلٹ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔

2 دن کے اندر ایلون مسک کی دولت میں 7.71 ارب ڈالرز کی کمی آئی اور وہ 176 ارب ڈالرز کے ساتھ امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

اس کے مقابلے میں برنارڈ آرنلٹ 187 ارب ڈالرز کے ساتھ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

خیال رہے کہ دسمبر 2022 میں برنارڈ آرنلٹ نے ایلون مسک کو پیچھے چھوڑا تھا اور 2 ماہ تک دنیا کے امیر ترین شخص رہے۔

2022 میں ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں مختلف وجوہات کے باعث 65 فیصد سے زیادہ کمی آئی جس کے نتیجے میں ایلون مسک کی دولت میں ریکارڈ کمی آئی تھی۔

مگر 2023 کے آغاز سے ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا اور ایلون مسک کے اثاثوں میں 2 ماہ کے دوران لگ بھگ 40 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوچکا ہے جو 31 دسمبر 2022 کو 137 ارب ڈالرز تھے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک جنوری 2021 سے دسمبر 2022 تک دنیا کے امیر ترین شخص رہے تھے۔

دوسری جانب برنارڈ آرنلٹ کے اثاثوں میں حالیہ مہینوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، وہ اکتوبر 2022 میں 137 ارب ڈالرز کے مالک تھے۔

مزید خبریں :