04 مارچ ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران نمائشی ویمنز کرکٹ میچز میں 10 غیر ملکی کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آئیں گی، پی سی بی نے میچز کیلئے دو ٹیموں کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے دوران 3 نمائشی ویمنز کرکٹ میچز میں 10 غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرلیں جن میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سمیت 7 ممالک کی ٹاپ کھلاڑی شامل ہیں۔
نمائشی میچز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 18۔ 18کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔
ایمازون ٹیم کی قیادت بسمعہ معروف اور سپر ویمن ٹیم کی کپتانی ندا ڈار کریں گی۔ دونوں ٹیموں میں پانچ پانچ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں، ہر ٹیم کو پانچ میں سے زیادہ سے زیادہ چار یا کم از کم تین غیر ملکی کھلاڑی پلیئنگ الیون میں شامل کرنا ہوں گے۔
اس کے علاوہ ہر ٹیم کو ایک ایک ایمرجنگ یا انڈر 19 ٹیم کی کھلاڑی کو بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنانا ہوگا، خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 نمائشی میچز 8، 10 اور 11 مارچ کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔