05 مارچ ، 2023
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ساتھی کرکٹر اعظم خان کے کھیل کی تعریف کی ہے اور ساتھ ہی اپنی قومی ٹیم میں واپسی کی امید کا بھی اظہار کیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں فہیم اشرف نے کہا کہ خوشی ہے کہ اس فارم میں اعظم خان کو بولنگ نہیں کرانا پڑ رہی،نان اسٹرائیکنگ اینڈ سے اعظم کی بیٹنگ دیکھنے میں مزہ آتا ہے۔
قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ اعظم کے ہر اچھے شاٹ پر دل سے آواز نکلتی ہے 'گڈ شاٹ بھولے'۔
فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں ٹیم کے پلان کے مطابق کھیلا، میں جیسا کھیلنا چاہتا تھا ویسا نہیں کھیل پایا، مگر ٹیم پلان کو فالو کیا، کپتان شاداب خان اکثر آؤٹ آف ٹرن بیٹنگ کے لیے بھیج دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے ساتھ بھی ٹف میچ ہوگا، کسی بھی میچ کو آسان نہیں لیں گے، جو ٹیم نیچے ہوتی ہے اس کے پاس ہارنے کو کچھ نہیں ہوتا، ایسی ٹیم زیادہ خطرناک ہوجاتی ہے، ہمیں ان سے آگے کی سوچ رکھنا ہوگی۔
فہیم اشرف نے انٹرویو میں کہا کہ پی ایس ایل میں اچھی پرفارمنس دے کر پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنا ہے، اسلام آباد کی ٹیم میں پلیئرز کو کُھلی چھوٹ ہے کہ جیسے کھیلنا ہے کھیلو، ہماری ٹیم میں کسی کو یہ خوف نہیں کہ ہار گئے تو کیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہار کا خوف نکل جائے تو بہت کچھ آسان ہوجاتا ہے، ہماری جیت کی اہم وجہ یہ ہے کہ ہمیں ہار کا خوف نہیں ہوتا۔