اسلام آباد پولیس وارنٹ لیکر لاہور پہنچ گئی، عمران خان گرفتاری سےگریزاں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور: عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ گرفتاری لے کر زمان پارک پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کا امکان ہے،عمران خان کو مکمل قانونی تقاضے پورے کرکےگرفتار کیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس ایس ایس پی کی قیادت میں لاہور پہنچی جس کے بعد لاہور پولیس کی معاونت میں زمان پارک پہنچ گئی۔

اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ ہم عدالت کے حکم سے زمان پارک آئے ہیں،عمران خان توشہ خانہ کیس میں عدالت پیش نہیں ہوئے، اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جانے سے روکا گیا اور کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی جب کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی۔

عمران خان کی رہائش گاہ نوٹس پر دستخط کرانے گئے تھے: ایس ایس پی

ایس ایس پی اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ نوٹس پر دستخط کرانے گئے تھے، گرفتاری کرنے نہیں، وہاں کارکنوں نے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں، ہم قانونی تقاضے پورے کرنے آئے تھے۔

اس معاملے پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم پر عمران خان کو گرفتار کرنے آئی ہے ، پنجاب حکومت اسلام آباد پولیس کی آئین اور قانون کے مطابق معاونت کرے گی۔

عمران خان کیلئے اڈیالہ جیل میں سیل کی تیاری

ذرائع کے مطابق عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل میں سیل تیار کیا جارہا ہے، عمران خان کو اڈیالہ جیل کے اسی سیل میں رکھا جائے گا جس میں 2019 میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرکے رکھا گیا تھا۔

اس کے علاوہ لاہور ائیرپورٹ پر خصوصی طیارے کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے۔

آئی جی کی عمران خان کو آج ہی گرفتار کرنے کی ہدایت

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے ایس ایس پی اسلام آباد سے رابطہ کیا اور انہیں عمران خان کو آج ہی گرفتار کرنے کی ہدایت دی ۔

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ پولیس نے عمران خان کو نوٹس پہنچا دیا ہے جس میں عدالت کی جانب سے عمران خان کو گرفتار کرنےکا حکم دیا گیا ہے، قانون کے مطابق انہیں ہر صورت گرفتار کیا جائےگا۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا یہ وارنٹ عمران خان کو گرفتار کرنےکا حکم ہے، احکامات بہت واضح ہیں،کارکنوں کا گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنا خود ایک جرم ہے،قانون کی منشا یہی ہے کہ عمران خان کو  گرفتار کرکے مقرر وقت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم کو مکمل بریفنگ اور قانونی اختیارات کے ساتھ روانہ کیا ہے، عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال کے لیے مکمل تیار ہیں، پنجاب پولیس سے مکمل رابطے میں ہیں، قانون کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کےخلاف مؤثر کارروائی ہوگی۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ عمران خان گرفتاری سے گریزاں ہیں، ایس ایس پی کمرے میں گئے مگر وہاں عمران خان موجود نہیں تھے۔

عمران خان گھر پہ موجود نہیں: شبلی فراز

عمران خان کے چیف آف اسٹاف شبلی فراز نے وارنٹ وصول کرلیا، انہوں نے وارنٹ پر لکھا کہ عمران خان موجود نہیں، عمران خان قانون کے مطابق تعمیل کریں گے۔

دوسری جانب زمان پارک میں پی ٹی آئی کی جانب سے تقریب جاری ہے جس میں عمران خان بھی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ 28 فروری کو توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

سیشن عدالت نے عمران خان کو گرفتار کرکے7 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

مزید خبریں :