حادثے کے بعد نہر میں ڈوب جانے والی گاڑی میں پھنسے شخص کی زندگی آئی فون نے بچالی

یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا / اسکرین شاٹ
یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا / اسکرین شاٹ

آئی فون دنیا کے مقبول ترین اسمارٹ فونز میں سے ایک ہے مگر حالیہ مہینوں میں یہ کئی افراد کی زندگی بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوا ہے۔

امریکا میں ایک ایسے شخص کو آئی فون کے ایک نئے فیچر کی بدولت بچا لیا گیا جس کی گاڑی حادثے کے بعد نہر میں ڈوب گئی تھی۔

یہ واقعہ ریاست فلوریڈا کے ایک قصبے انڈیا ٹاؤن کے قریب پیش آیا۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق ایک جانور کو بچاتے ہوئے 38 سالہ شخص کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا اور وہ نہر میں ڈوب گئی۔

اس موقع پر آئی فون نے خودکار طور پر ایک ایس او ایس الرٹ کے ذریعے پولیس کو حادثے سے آگاہ کیا۔

آئی فون میں ایمرجنسی ایس او ایس فیچر اس وقت کام کرتا ہے جب اسے صارف کی جانب سے ایکٹیویٹ کیا جاتا ہے اور سیلولر یا وائی فائی سگنل نہ ہونے پر سیٹلائیٹ کے ذریعے مدد کا میسج ریسکیو اداروں تک پہنچتا ہے۔

اس فیچر کو اکتوبر 2022 میں آئی فون 14 سیریز کے فونز کے ساتھ متعارف کرایا گیا تھا۔

ایس او ایس الرٹ ملنے کے بعد پولیس اہلکار گوگل کو استعمال کرکے حادثے کے شکار فرد کی لوکیشن جاننے میں کامیاب ہوگئے۔

اس جگہ پہنچنے پر انہوں نے دریافت کیا کہ اس شخص کی گاڑی نہر میں ڈوبی ہوئی تھی اور وہ شخص اس کے اندر پھنسا ہوا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق اہلکار اس شخص کو نکالنے میں کامیاب رہے اور پھر اسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔

حکام نے کہا کہ متاثرہ فرد کے فون سے خودکار طور پر رابطے کرنے کی سہولت سے اسے بچانا ممکن ہوا، یہ حیرت انگیز ٹیکنالوجی ہے جو زبردست کام کرتی ہے۔

مزید خبریں :