07 مارچ ، 2023
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درا نی، شاہ محمد جتوئی، بابرحسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ پر مشتمل 4 رکنی بینچ نے حکم جاری کیا۔
الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر توہین کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ آئی جی پولیس 14 مارچ کو عمران خان اور فواد چوہدری کو پیش کریں۔
حکم نامے کے متن کے مطابق عمران خان اور فواد چوہدری دانستہ التوا مانگتے ہیں، یہ کمیشن کی تضحیک کے مترادف ہے، ان کا رویہ قابل قبول نہیں، ان دونوں کی کمیشن کے سامنے غیر حاضری دانستہ ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سماعت پرعمران خان، فواد چوہدری اور نہ ان کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
کمیشن نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو عمران خان اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ کی تعیمل کروانے کا حکم دیا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان اور فواد چوہدری کو 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔