چینی حکمران جماعت سے تعلقات: اسٹار وارز کے اداکار کی آسکر کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی

آن لائن پٹیشن کے ذریعے لوگوں نے اداکار کو 13 مارچ کو ہونے والی آسکر ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے— فوٹو: فائل
آن لائن پٹیشن کے ذریعے لوگوں نے اداکار کو 13 مارچ کو ہونے والی آسکر ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے— فوٹو: فائل

ہالی وڈ فلم سیریز اسٹار وارز کے اداکارڈونی ین کے چینی حکمران جماعت ’کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ‘ سے قریبی تعلقات نے ان کی آسکر ایوارڈز کی تقریب میں میزبانی کو خطرے میں ڈال دیا۔

59 سالہ اداکار کو رواں برس ہونے والے 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں میزبانی کیلئے نامزد کیا گیا تھا تاہم اب  ایک آن لائن پٹیشن کے ذریعے لوگوں نے انہیں آسکرز کی میزبانی سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

آن لائن پٹیشن میں ان کے بیانات کے حوالے سے انہیں چینی کمیونسٹ رجیم کا حامی قرار دیتے ہوئے 13 مارچ کو ہونے والی ایوارڈ تقریب کی میزبانی سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پٹیشن میں ان کے حالیہ بیانات کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں انہوں نے 2019 کے دوران ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حق میں ہونے والے مظاہروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ احتجاج نہیں بلکہ فساد تھا۔

پٹیشن میں کہا گیا ہے ڈونی ین کے ریمارکس نہ صرف اظہار رائے کی آزادی کی نفی کرتے ہیں بلکہ ہانگ کانگ کے لوگوں کے جمہوریت اور آزادی کیلئے جدوجہد کے حق سے بھی انکار کرتے ہیں۔

پٹیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر آسکر کمیٹی ایسے لوگوں کو بطور مہمان پریزنٹر مدعو کرتا ہے تو اس سے نہ صرف فلم انڈسٹری کی ساکھ مجروح ہوگی بلکہ انسانی حقوق اور اخلاقی قدروں کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔

اداکار ڈونی ین کے خلاف آن لائن پٹیشن ہفتے کے روز ہانگ کانگ کے کچھ لوگوں کی جانب سے لائی گئی تھی، اب تک 84 سے زائد لوگ اس پٹیشن پر دستخط کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :