12 مارچ ، 2023
کیوی کمنٹیٹر سائمن ڈول نے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی سنچری پر کی جانے والی تنقید پر وضاحت کردی۔
نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے پشاور اور کوئٹہ کے میچ کے دوران بابر کی سنچری پر تنقید کی تھی ، سائمن نے دوران کمنٹری کہا تھا کہ ’ بابراعظم ذاتی سنگ میل کے لیے سست ہو گئے تھے ، بابرکو سنچری کے وقت رن ریٹ کو کم کرنے کے بجائے باؤنڈریز تلاش کرنے پر توجہ دینی چاہیے تھی، بابراعظم کی اننگز اعداد و شمار کے لحاظ سے بہترین ہے لیکن انہیں ٹیم کیلئے کھیلنے کی ضرورت ہے ‘۔
اس تبصرے کے بعد سائمن ڈول کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا جس کے بعد سائمن ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرتے رہے۔
اب اس حوالے سے سائمن ڈول کی وضاحت سامنے آئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ بابر اعظم دنیا کا بہترین پلیئر بنے اور Fab four( ویرات کوہلی ، اسٹیو اسمتھ، کین ولیمسن اور جو روٹ) کو پیچھے چھوڑدے۔
سائمن ڈول کے مطابق جب میں بابر سے متعلق بات کرتا ہوں تو میں اس کے ارادے کی بات کرتا ہوں، میں نے ایک سال پہلے یہ بھی کہ کہا تھا کہ Fab four کو بھول جاؤ میرے لیے بابر دنیا کا بہترین پلیئر ہے، وہ دنیا کا بہترین کھلاڑی تھا، جس طرح کا یہ ٹورنامنٹ ہےمیری رائےکے مطابق بابر کو غالب آنا چاہیے،۔
سائمن ڈول نے یہ بھی کہا کہ بابر کو بولنگ اٹیک پر حاوی ہونا چاہیے، لیکن 120 یا 130 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ نہیں، مجھے ان کی بیٹنگ اور ارادہ بہت پسند آیا، یہ میری رائے ہے، مجھے بابر کو کھیلتے دیکھنا پسند ہے، لیکن انہیں بولرز کو یہ واضح کرنا چاہیے میں پاکستان کا کپتان ہوں اور آپ کو مجھ سے خطرہ ہے ۔
واضح رہے کہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بابراعظم نے 65 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ ٹیم کو میچ جتوا نے میں ناکام رہے تھے۔