13 مارچ ، 2023
کپل شرما، بھارت کا وہ نام ہے جسے دنیا قہقہوں کے لیے جانتی ہے، جو اپنے انداز اور باتوں سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیتے ہیں لیکن کیا کسی نے سوچا ہوگا کہ کامیڈی کا یہ ستارہ ماضی میں خودکشی کرنے کا سوچ چکا ہے؟
کپل شرما نے حال ہی میں اپنی آنے والی فلم 'زوئی گیٹو' کے ایک تشہیری ایونٹ میں اس بات کا انکشاف کیا۔
سال 2017 کپل کے لیے خاصہ مشکل رہا جب ان کی فلم کس کس کو پیار کروں باکس آفس پر فلاپ ہوئی، اس کے بعد کامیڈین سنیل گروور کا بھی ان کے ساتھ جھگڑا ہوا۔
ایونٹ میں کپل شرما نے ڈپریشن سے متعلق بات کی اور ان لوگوں کو پیغام دیا جو اس کا شکار ہیں۔
کپل نے کہا کہ 'ایک عوامی شخصیت کے طور پر، کروڑوں لوگ آپ کو جانتے ہیں، آپ ان کو تفریح فراہم کرتے ہیں لیکن جب آپ گھر آتے ہیں تو آپ اکیلے ہوتے ہیں'۔
کامیڈین نے کہا 'آپ اس حالت میں بھی نہیں ہوتے کہ عام زندگی گزار سکیں جہاں آپ باہر گھومنے جائیں، ساحل سمندر پر بیٹھ کر سمندر کو دیکھ سکیں، آپ دو کمروں کے فلیٹ میں رہتے ہیں اور جب شام تک باہر اندھیرا چھا جاتا ہے تو میں بیان نہیں کر سکتا کہ اس صورتحال میں کتنا برا احساس ہوتا ہے'۔
بات جاری رکھتے ہوئے کپل نے کہا 'اس صورتحال میں، میں نے خودکشی کرنے کا سوچا تھا، میں نے سوچا کہ کوئی بھی نہیں ہے جس کے ساتھ میں جو کچھ محسوس کرتا ہوں اسے شیئر کر سکوں، جس جگہ سے میں آیا ہوں وہاں ذہنی صحت کے بارے میں بات نہیں کی جاتی'۔
کامیڈین نے مزید کہا کہ 'مجھے نہیں لگتا کہ یہ پہلا موقع تھا جب میں اس مرحلے سے گزرا ہوں'۔
واضح رہے کہ کپل کی فلم زوئی گیٹو 17 مارچ کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔