13 مارچ ، 2023
آئی فون کی جگہ لینے والی ایپل کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس نئی ڈیوائس جون 2023 میں متعارف کرائی جائے گی۔
ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے جون میں ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) اور ورچوئل رئیلٹی (وی آر) ٹیکنالوجی پر مبنی ہیڈ سیٹ متعارف کرایا جائے گا۔
اس مکسڈ رئیلٹی (اے آر اور وی آر کے اکٹھا ہونے کی وجہ سے) ہیڈ سیٹ کو رئیلٹی پرو کا نام دیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک اور آپریشنز ہیڈ جیف ولیمز جلد از جلد اے آر/ وی آر ہیڈ سیٹ متعارف کرانا چاہتے ہیں۔
اس حوالے سے ڈیزائن ٹیم کی جانب سے اعتراضات کیے جا رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ڈیوائس کو اس وقت تک متعارف نہ کرایا جائے جب تک اسے زیادہ بہتر نہ بنا لیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ بہتر مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ کی تیاری میں مزید کئی سال لگ سکتے ہیں جس کے باعث ایپل کو اس مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے انتظار کرنا پڑتا۔
یہی وجہ ہے کہ ٹم کک رئیلٹی پرو کو جلد از جلد متعارف کرانا چاہتے ہیں جو کافی بڑی اور مہنگی ڈیوائس ہوگی۔
اس کی قیمت 3 ہزار ڈالرز کے قریب ہو سکتی ہے اور اس سے ایپل کو ہیڈ سیٹ مارکیٹ میں داخل ہونے کا موقع ملے گا۔
یہ 2015 میں ایپل واچ کے بعد امریکی کمپنی کی پہلی نئی ٹیکنالوجی ڈیوائس ہوگی۔
آنے والے برسوں میں اس کو آئی فون کا متبادل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کا مقصد 10 برسوں میں اے آر ٹیکنالوجی کو آئی فون کی جگہ دینا ہے۔
رئیلٹی پرو میں ڈوئل 4K او ایل ای ڈی اسکرینز اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز موجود ہوں گی۔
ایپل کے سی ای او ٹم کک نے 2022 میں ایک بیان میں اے آر ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی انڈسٹری اس نئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہے اور ہمیں اس میں بہت زیادہ مواقع نظر آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ انتظار کریں اور دیکھیں ہم اس حوالے سے آپ کو کیا پیش کرتے ہیں۔