15 مارچ ، 2023
اپنی دولت کے حوالے سے گردش کرتی افواہوں کا جواب دینے کیلئے بھارتی کامیڈین خود میدان میں آگئے۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کپل شرما نے خود سے منسوب 300 کروڑ ملکیت کی افواہوں پر زوردار قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ بھی کافی سارے پیسے ہیں جنہیں گنوا چکا ہوں، لیکن ان کے بارے میں سوچتا بھی نہیں ہوں۔
انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ 300 کروڑ کے مالک ہیں؟ جواب میں ہنستے ہوئے کپل شرما نے جواب دیا کہ تمام تر آن اسکرین کامیابیوں کے بعد بھی وہ خود کو مڈل کلاس ہی سمجھتے ہیں۔
کپل شرما کا کہنا تھا کہ حقیقت میں مجھے معلوم ہے کہ میرے ملکیت میں ایک گھر اور ایک کار ہے اس کے علاوہ میرے پاس میرا خاندان ہے اور یہی کچھ ہے جو میرے لیے بہت معنیٰ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی نہیں ہے کہ میں کوئی سادھو ہوں جو بہت بڑی رقم کو ٹھکرا دیتا ہے لیکن سچ یہ ہے کہ آج بھی میری سوچ وہی تنخواہ دار والی ہے۔
کپل شرما کا کہنا تھا کہ میری بیوی کو خرچے کرنا پسند ہیں ان کا تعلق بھی دولتمند گھرانے سے ہے لیکن مجھے خرچے کرنا بلکل پسند نہیں ہے، بہت سارے پیسے کمانے کے بعد بھی میں ویسا ہی ہوں جیسا پہلے تھا، لیکن ہو سکتا ہے کہ میرے بچے خود کو حاصل آسائشوں کے باعث مختلف بن جائیں۔