16 مارچ ، 2023
بھارت کا مقبول ترین کامیڈی شو کرنے والے کپل شرما نے اپنے پرانے ساتھیوں کے شو کو خیر باد کہنے پر خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں کپل شرما نے اپنی نئی فلم 'زوئی گیٹو' کی تشہیر کے لیے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں میزبان نے ان کے کامیڈی شو کے حوالے سے گردش کرتی خبروں سے متعلق سوال کیا اور پوچھا کہ 'لوگ آپ کے بارے میں کہہ رہے تھے کہ آپ انا پرست اور غیر محفوظ انسان ہیں'۔
میزبان نے سوال جاری رکھا اور کہا کہ 'کیا آپ سے دوسروں کی کامیابی برداشت نہیں ہوتی اس لیے ساتھی اداکاروں کو شو سے نکالا؟'
جواب میں کپل نے اعتراف کیا کہ وہ غصے کے تیز انسان ہیں لیکن اب ان میں بہتری آچکی ہے۔
کپل شرما نے کہا کہ 'میں نے کبھی کسی سے خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، بلکہ میں نے جن کی تعریف کی یا جنہیں پسندکیا، انہیں اپنے شو میں لے آیا، میں پہلے غصے کا کافی تیز تھا لیکن یہ میرے خون میں ہے'۔
کامیڈین و اداکار کا کہنا تھا کہ 'میں ایک شدت پسند انسان تھا، مجھے اچھا کام پسند تھا اور جب میں غصے میں ہوتا تھا تو خود پر قابو نہیں رکھ پاتا تھا لیکن اب مجھ میں تبدیلی آچکی ہے'۔
انہوں نے کہا 'لوگ کہتے ہیں کہ میرے دشمن ہیں، میں نے دشمنیاں پال رکھی ہیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، اگر لوگ مجھے انا پرست انسان کہتے ہیں تو بھلےکہیں، آپ ان لوگوں (چھوڑ کر جانے والے اداکار) سے پوچھیں کہ وہ میرے ساتھ کام کیوں نہیں کرنا چاہتے'۔
کپل نے کہا 'جی ہاں! میرا اور سنیل کا جھگڑا ہوا تھا لیکن میرے اب بھی ان سب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں'۔
واضح رہے کہ کپل شرما کے سنیل گروور کے ساتھ 2017 میں تعلقات خراب ہوئے تھے جس کے بعد سنیل نے ان کا شو چھوڑ دیا تھا، بعدازاں علی اصغر اور کرشنا ابھیشیک نے بھی پیسوں اور پروڈکشن کے معاملات کے باعث شو کو الوداع کہہ دیا تھا۔