دنیا
Time 16 مارچ ، 2023

روس کا امریکی 'اشتعال انگیزی' پر مناسب جواب دینے کا اعلان

14 مارچ کو امریکی ڈرون روسی طیارے سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا تھا / فوٹو بشکریہ الجزیرہ
14 مارچ کو امریکی ڈرون روسی طیارے سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا تھا / فوٹو بشکریہ الجزیرہ

یوکرین کے قریب امریکی ڈرونز کی جاسوس سرگرمیوں میں اضافہ تنازع کا باعث بنیں گی اور روس کی جانب سے اس طرح کے انٹیلی جنس آپریشنز پر مناسب ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔

یہ بات روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگوف نے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہی۔

خیال رہے کہ 14 مارچ کو بحیرہ اسود پر پرواز کے دوران روسی جنگی طیارہ ٹکرانے سے امریکی ڈرون مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں امریکا اور روس کے وزرائے دفاع کے ٹیلیفونک رابطے کے بارے میں بتایا گیا۔

بیان کے مطابق روسی وزیر دفاع نے کہا کہ 'کریمیا کے ساحلی علاقوں کے قریب امریکی جنگی ڈرونز کی پروازیں اشتعال انگیز ہیں جس سے بحیرہ اسود کے خطے میں صورتحال بگڑ سکتی ہے'۔

سرگئی شوئیگوف نے کہا کہ 'روس کا حالات خراب کرنے میں کوئی مفاد نہیں مگر ہر قسم کی اشتعال انگیزی کا مناسب جواب دیا جائے گا'۔

امریکی ڈرون کی تباہی فروری 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان پیش آنے والا پہلا فوجی واقعہ ہے۔

سرگئی شوئیگوف کا کہنا تھا کہ روسی مفادات کے خلاف انٹیلی جنس سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور ماسکو کی جانب سے جن فضائی علاقوں میں پروازوں پر پابندی لگائی گئی ہے، اس کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

یہ اکتوبر 2022 کے بعد روس اور امریکا کے وزرائے دفاع کے درمیان پہلا رابطہ تھا۔

دوسری جانب امریکی وزیر دفاع نے پریس بریفننگ کے دوران بتایا کہ ہم ہر قسم کے ٹکراؤ کو بہت سنجیدہ لیں گے اور یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے رابطے بہت اہم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس طرح کے رابطوں سے کسی قسم کی غلط فہمی کی روک تھام میں مدد ملے گی'۔

واضح رہے کہ امریکی ڈرون کا ملبہ کریمیا کے قریب گرا تھا اور امریکا کی جانب سے اس کے حصول کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں :