اکثر شرٹس کے پیچھے یہ لوپ کیوں ہوتا ہے؟

کیا آپ کو اس کی وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو
کیا آپ کو اس کی وجہ معلوم ہے / فائل فوٹو

ہمارے ملبوسات دیکھنے میں تو سادہ نظر آتے ہیں مگر ان میں متعدد اسرار چھپے ہوتے ہیں۔

جیسے جینز کی پینٹ میں چھوٹی جیب کیوں ہوتی ہے یا جینز کی جیبوں کے ساتھ بٹن کیوں ہوتے ہیں، متعدد افراد کو ان کا مقصد معلوم نہیں ہوتا۔

اسی طرح کا ایک عجیب معمہ روزمرہ میں استعمال ہونے والی ڈریس شرٹس کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور وہ ہے ان کی پشت پر موجود ایک لوپ۔

متعدد ڈریس شرٹس کے پشت پر موجود یہ لوپ بنیادی طور پر کپڑے کا ایک چھوٹا ٹکڑا ہے جو عموماً دونوں شانوں کے درمیان واقع ہوتا ہے۔

مگر یہ آخر ہوتا کیوں ہے؟ اس کے پیچھے کافی دلچسپ کہانی چھپی ہوئی ہے۔

شرٹس میں یہ لوپ سب سے پہلے امریکی بحریہ کے ملاحوں میں مقبول ہوا تھا اور ممکنہ طور پر وہی پر اسے سب سے پہلے شرٹس کا حصہ بنایا گیا۔

اس لوپ کو شرٹس میں شامل کرنے کی وجہ یہ تھی کہ ملاحوں کے پاس وردیوں کو رکھنے کے لیے الماریاں یا جگہ موجود نہیں تھی۔

تو اس لوپ کی بدولت انہیں شرٹ کو کسی بھی ہک (hook) پر لٹکا کر خشک کرنے میں مدد ملتی تھی۔

مگر 1960 کی دہائی میں یہ لوپ بحریہ سے باہر نکلا اور ایک کمپنی کی جانب سے اسے طالبعلموں کے لیے لاکر لوپ کے نام سے شرٹس میں متعارف کرایا گیا۔

اس زمانے میں طالبعلموں میں یہ شرٹس بہت زیادہ مقبول ہوئی تھیں جو ان کو لاکرز میں لٹکا دیتے تھے اور ان کی استری بھی خراب نہیں ہوتی تھی۔

اس کے بعد متعدد کمپنیوں نے اس رجحان کو اپنا لیا اور اب اس طرح کا لوپ اکثر ڈریس شرٹس میں نظر آتا ہے۔

ہاں کچھ شرٹس میں یہ کالر کے پیچھے بھی ہوتا ہے اور اس کا مقصد bow tie کو اپنی جگہ برقرار رکھنا ہوتا ہے۔

مزید خبریں :