18 مارچ ، 2023
بھارت کا مقبول ترین کامیڈی شو کرنے والے میزبان اور اداکارکپل شرما نے اپنی پہلی تنخواہ کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں پرتعیش زندگی گزارنے والے کپل شرما کی زندگی ہمیشہ سے ایسی نہیں تھی بلکہ انہیں اس مقام تک پہنچنے کے لیےکافی محنت کرنا پڑی۔
ایک انٹرویو میں کپل نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی نوکری آبائی شہر امرتسر میں کی تھی اور اس وقت ان کی عمر صرف 14 سال تھی۔
کپل کے مطابق وہ ایک پی سی او میں جزوقتی ملازمت کرتے تھے تاکہ وہ اپنا جیب خرچ نکال سکیں، اس وقت انہیں صرف 500 روپے ماہانہ ملا کرتے تھے۔
کپل شرما نے مزید بتایا کہ اس کے بعد وہ ایک گارمنٹ فیکٹری میں ملازمت کرنے لگے جہاں ان کی تنخواہ فقط 900 روپے تھی، اس وقت اتنی گرمی ہوتی تھی کہ دوسرے شہروں سے آئےمزدور اپنے علاقوں میں واپس چلے جاتے تھے۔
کپل نے یہ بھی بتایا کہ وہ کام اپنے ذاتی اخراجات پورے کرنے کے لیے کرتے تھے اور اس سلسلے میں گھر والوں کی طرف سے کوئی تقاضہ نہیں تھا تاہم انہیں گھر سے پیسے مانگتے ہوئے شرم آتی تھی۔
گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کپل شرما نے خود سے منسوب 300 کروڑ ملکیت کی افواہوں پر زوردار قہقہہ لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے علاوہ بھی کافی سارے پیسے ہیں جنہیں گنوا چکا ہوں، لیکن ان کے بارے میں سوچتا بھی نہیں ہوں۔
کپل کا کہنا تھا کہ تمام تر آن اسکرین کامیابیوں کے بعد بھی میں خود کو مڈل کلاس ہی سمجھتا ہوں۔