کیا آپ کرکٹ کی تاریخ کے اس انوکھے مین آف دی میچ کے بارے میں جانتے ہیں؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کرکٹ سے تو آپ سب اچھی طرح واقف ہی ہوں گے، اس کھیل میں میچ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والے کو میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوار ڈ دیا جاتا ہے۔

عموماً میچ میں سب سے زیادہ یا اہم رنز بنانے والے ، وکٹیں لینے والے یا پھر کوئی حیرت انگیز فیلڈنگ سے میچ جتوانے والے کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملتا ہے۔

لیکن اگر آج ہم کو ایک ایسے کھلاڑی کے بارے میں بتائیں جو  بغیر وکٹ لیے، میچ میں کوئی رنز بنائے بغیر یا پھر کوئی کیچ کیے بغیر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرچکا ہے تو کیا آپ یقین کریں گے؟

جی ہاں آپ کو یقین کرنا ہوگا کیوں کہ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا بھی ہوچکا ہے جہاں رنز بنانے، وکٹ لینے اور کیچ کیے  بغیر بھی ایک کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ  دیا گیا ہے۔ 

یہ بات ہے سن 2001 کی جب ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر کیمرون کفی کرکٹ کے تاریخ کے انوکھے مین آف دی میچ ایوارڈکے حقدار ٹھہرے تھے۔

سن 2001 کی جب ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر کیمرون کفی کرکٹ کے تاریخ کے انوکھے مین آف دی میچ کے حقدار ٹھہرے تھے—فوٹو: انٹرنیٹ
سن 2001 کی جب ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر کیمرون کفی کرکٹ کے تاریخ کے انوکھے مین آف دی میچ کے حقدار ٹھہرے تھے—فوٹو: انٹرنیٹ

رپورٹس کے مطابق 23 جون 2001 کو ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان کوکا کولا کپ کا پہلا ون ڈے میچ کھیلا گیا، ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 266 رنز بنائے، ڈیرن گنگا 66 ،کرس گیل 53 اور چندر پال 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔

266 رنز کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 239 رنز بناسکی، ویسٹ انڈیزکی جانب سے میرون ڈلون اور مارلن سیمیوئلز نے 3،3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میچ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ ایسے کھلاڑی کو دیا گیا تھا جس نے نہ ہی کوئی وکٹ لی تھی، نہ ہی کوئی رنز بنایا  تھا اور نہ ہی کوئی کیچ کیا تھا، البتہ ایک رن آؤٹ ضرور کیا تھا۔

جی ہاں ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کیمرون کفی کو اس میچ میں نپی تُولی بولنگ  فیگرز کے عوض مین آف دی میچ کا ایوارڈ یا گیا۔ انہوں نے 10 اوورز میں بغیر وکٹ لیے 20 رنز دیے جبکہ 2 اوورز میڈن بھی کرائے۔

  
فوٹو: کرک انفو اسکرین شاٹ
فوٹو: کرک انفو اسکرین شاٹ

ممکنہ طور پر کرکٹ کی تاریخ میں یہ واحد ایسا منفرد مین آف دی میچ  کا ایوارڈ تھا جسے حاصل کرنے والے کھلاڑی نے میچ میں نہ ہی کوئی وکٹ لی، نہ ہی کوئی رنز بنایا بلکہ کوئی کیچ بھی نہیں کیا۔

مزید خبریں :