Time 20 مارچ ، 2023
پاکستان

موٹرسائیکل سوارکو فی لیٹر پیٹرول پر 100روپےکا ریلیف ملےگا: مصدق ملک

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ غریب کے لیے   پیٹرول کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، موٹرسائیکل سواروں کو  فی لیٹر  پیٹرول پر  50  نہیں بلکہ 100 روپےکا ریلیف ملےگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے  پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم  نے  ہمیں اس پر عمل درآمد کے لیے صرف 6 ہفتے دیے ہیں، غریب کا پیٹرول سستا کریں گے، امیر کے  پیسے غریب کی جیب میں ڈالیں گے، موٹر سائیکل سوار کا احساس کرتے ہوئے ان کے لیے پیٹرول کی قیمت کم کر رہے ہیں۔

مصدق ملک کا کہنا  تھا کہ بڑی گاڑیوں والے  پیٹرول کی زیادہ قیمت دیں گے،  پیٹرول پر اب امیر  100 روپے زیادہ  دےگا، غریب 100  روپے کم دےگا، 22  کروڑ  کی آبادی میں 21 کروڑ  غریب ہیں، ہم غریب کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ گیس کا فیصلہ یکم جنوری سے نافذالعمل ہوچکا، ہم نے گیس کا ٹیرف الگ کردیا، غریب اور امیرکا بل الگ الگ کردیا ہے۔

مزید خبریں :