ایلون مسک کا ٹوئٹ کے حروف کی تعداد 10 ہزار تک کرنے کا عندیہ

یہ واضح نہیں کہ یہ تبدیلی عام صارفین کو دستیاب ہوگی یا نہیں / فائل فوٹو
یہ واضح نہیں کہ یہ تبدیلی عام صارفین کو دستیاب ہوگی یا نہیں / فائل فوٹو

ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایلون مسک نے ٹوئٹس کے لیے حروف کی تعداد 10 ہزار تک بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔

ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے ٹوئٹر میں اس بڑی تبدیلی کا عندیہ دیا۔

اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ بہت جلد حروف کی تعداد 10 ہزار کر دی جائے گی جس کے ساتھ سادہ فارمیٹنگ ٹولز بھی دستیاب ہوں گے۔

البتہ انہوں نے اس فیچر کو متعارف کرانے کی تاریخ یا دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔

اس سے قبل 6 مارچ کو بھی ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں حروف کی تعداد 10 ہزار تک بڑھانے کی بات کی تھی۔

پہلے ایک ٹوئٹ میں صرف 140 حروف استعمال ہوسکتے تھے، 2017 میں حروف کی تعداد 280 کی گئی تھی۔

فروری میں اس کمپنی نے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کے صارفین کے لیے 4 ہزار حروف پر مشتمل ٹوئٹس کا فیچر متعارف کرایا تھا، جو عام صارفین کو دستیاب نہیں۔

اب ٹوئٹ کے حروف کی حد کو 10 ہزار تک کرنے کا کہا جا رہا ہے مگر یہ واضح نہیں کہ یہ تبدیلی عام صارفین کو دستیاب ہوگی یا صرف ٹوئٹر بلیو استعمال کرنے والوں تک محدود ہوگی۔

ٹوئٹر کی جانب سے اس سبسکرپشن سروس کے لیے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین سے ماہانہ 11 ڈالرز جبکہ ویب ورژن پر 8 ڈالرز ماہانہ لیے جا رہے ہیں۔

مگر اب تک اس سروس کو پاکستان میں متعارف نہیں کرایا گیا۔

مزید خبریں :