21 مارچ ، 2023
فیس بک اور انسٹاگرام اسٹوریز کی طرح واٹس ایپ کے اسٹیٹس فیچر میں صارفین اپنی زندگی کے لمحات کو شیئر کرتے ہیں۔
یہ اسٹیٹس 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہو جاتے ہیں۔
فروری میں واٹس ایپ کی جانب سے واٹس ایپ اسٹیٹس کے لیے متعدد فیچرز متعارف کرائے گئے تھے، جن میں سے ایک وائس نوٹ کو اسٹیٹس کے طور پر پوسٹ کرنے کا تھا۔
واٹس ایپ کی جانب سے گزشتہ دنوں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین تک اس فیچر کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا۔
اس کو استعمال کرنے کا طریقہ جان لیں۔
اس مقصد کے لیے واٹس ایپ اوپن کریں اور اسٹیٹس ٹیب پر جائیں۔
اسٹیٹس ٹیب پر پینسل آئیکون پر کلک کریں۔
اینڈرائیڈ فون میں یہ آئیکون نیچے دائیں کونے میں ہوگا جبکہ آئی فون میں یہ اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے اوپر نظر آئے گا۔
اس آئیکون پر کلک کرنے کے بعد نئی ونڈو میں نیچے دائیں کونے میں موجود مائیک آئیکون کو دبا کر آڈیو ریکارڈنگ کریں۔
ریکارڈنگ کے بعد اسے پوسٹ کرنے سے قبل پلے بٹن کے ذریعے آپ سن بھی سکتے ہیں۔
اگر آپ کو ریکارڈنگ پسند نہیں آتی تو ڈیلیٹ بٹن پر کلک کرکے دوبارہ آڈیو ریکارڈ کریں یا پوسٹ کرنا چاہتے ہیں تو سینڈ بٹن پر کلک کر دیں۔
یہ خیال رہے کہ وائس ریکارڈنگ کا دورانیہ 30 سیکنڈ سے زیادہ نہ ہو ورنہ وہ اسٹیٹس کے طور پر پوسٹ نہیں ہوگی۔