دنیا
Time 21 مارچ ، 2023

ٹرمپ کی ممکنہ گرفتاری کا معاملہ، پولیس نے متوقع احتجاج سے نمٹنے کی تیاری کر لی

سماعت کے موقعے پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران کو با وردی ہوکر ڈیوٹی کیلئے تیار رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے: غیر ملکی میڈیا— فوٹو: فائل
سماعت کے موقعے پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران کو با وردی ہوکر ڈیوٹی کیلئے تیار رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے: غیر ملکی میڈیا— فوٹو: فائل

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی اور نیو یارک پولیس حکام نے متوقع احتجاج سے نمٹنے کی تیاریاں کر لی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں گرینڈ جیوری کے سامنے ڈونلڈ ٹرمپ کے فحش فلموں کی اداکارہ کو خاموش رہنے کے عوض رقم کی ادائیگی سے متعلق معاملے کی سماعت کے موقعے پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران کو با وردی ہوکر ڈیوٹی کیلئے تیار رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

نیوریارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سماعت کے موقعے پر کسی تھریٹ کی عدم موجودگی کے باوجود بھی انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

دوسری جانب واشنگٹن ڈی کی پولیس کی جانب سے بھی امن امان کی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام کے جانب سے ہائی الرٹ کے احکامات سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے گرفتاری کی صورت میں حامیوں کو دی جانے والی احتجاج کی کال کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں 2016 میں فحش فلموں کی اداکارہ اسٹورمی ڈینیئلز کو ایک لاکھ ڈالر کی رقم ادائیگی کی تحقیقات کے نتیجے میں منگل کو گرفتار کیا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم میں امریکی اداکارہ اسٹار اسٹورمی کو رقم دینے کے کیس میں پیر کی رات یا بدھ کو فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاری کی صورت میں حامیوں کو احتجاج کی کال بھی دی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :