22 مارچ ، 2023
الیکشن کمیشن نے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران متنازع نتائج کا شکار ہونے والی 6 یونین کونسلز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کی درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ دوبارہ گنتی مومن آباد کی یو سی 3 اور منگھوپیر یوسی 12 میں ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ضلع شرقی کے علاقے گلشن اقبال کی یوسی 1، اورنگی کی یوسی 3، 7 اور 8 میں بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہو گی۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں 16 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں 6 یونین کونسلز کے نتائج الیکشن کمیشن میں چیلنج کیے تھے۔
کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 83 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ جماعت اسلامی 82 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور پاکستان تحریک انصاف 40 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
مسلم لیگ ن نے 5 اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ایک سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔