30 جنوری ، 2023
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نےکہا ہےکہ میئر تو جماعت اسلامی کا ہی ہوگا، سندھ حکومت آئین مین ترامیم کرکے میئرکو اختیارات دے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ دھرنےکے وقت جو وعدے کیےگئے وہ پورے ہونے چاہئیں، بلدیاتی الیکشن ہوئے 15 دن ہوگئے، پراسس مکمل نہ ہونا باعث تشویش ہے، انصاف نہ ملنے پر الیکشن ٹریبونل بھی جاسکتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جماعت اسلامی کا منتخب امیدوار خرید نہیں سکتا، اگر کسی کو خریدا گیا تو بھرپور طریقے سے ایکسپوز کریں گے، اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہےگی، جماعت اسلامی کسی سے لڑنا نہیں چاہتی، جن یوسیز پر تحفظات ہیں اس کے لیے ٹربیونل میں جائیں گے، جو سیٹیں ہم سے دھاندلی کے ذریعے لی گئی ہیں وہ واپس لےکر رہیں گے۔
مردم شماری کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ مردم شماری کا تو اصول یہ بھی ہےکہ سفارت کارکو بھی گنا جائے، مردم شماری کے لیے جو ہمارے نمائندے منتخب ہوئے وہ بھی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان کے عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کی سزا بھگت رہے ہیں۔