20 دسمبر ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں فیئر ٹرائل بل منظور کرلی گئی، مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کی ترامیم بھی شامل کرلی گئیں۔ قومی اسمبلی نے فیئر ٹرائل بل کی منظوری دیدی ، جس کے مطابق کسی بھی مشکوک شخص کی ای میل بطور شہادت عدالت میں پیش کی جاسکے گی۔ بل کے متن میں یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ الیکٹرونک مواد، ٹیلی فون کالز کا ڈیٹا بھی بطور شہادت عدالت میں پیش کیا جاسکے گا جبکہ متعلقہ خفیہ ایجنسی کا سربراہ ہائی کورٹ میں مشکوک شخص کے وارنٹ کیلئے درخواست دے گا۔ منظور کئے گئے بل کے مطابق ان شواہد کی بنیاد پر مشکوک شخص کے وارنٹ حاصل اور کیس درج کیا جا سکے گا تاہم پہلا وارنٹ 2 ماہ کیلئے ہوگا۔ فیئر ٹرائل بل کے متن میں شامل ہے کہ عدالت شواہد کو کافی سمجھے تو مدت وارنٹ میں مزید 2 ماہ کا اضافہ ہوسکے گا۔قومی اسمبلی میں فیئر ٹرائل بل وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے پیش کیا جس کی شق وار منظوری لی گئی۔