23 مارچ ، 2023
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے موٹرسائیکلوں اور چھوٹی گاڑیوں کو 100 روپے لیٹر سستا پیٹرول دینا سبسڈی نہیں، قیمتوں کا تعین کرنے والی اسکیم اور غریبوں کیلئے ریلیف پروگرام ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہماری وزارت کو ریلیف پیکج کا مسودہ تیار کرنے کیلئے چھ ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔
سستا پیٹرول اسکیم سے متعلق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے خدشات پر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم سبسڈی نہیں ہے، آئی ایم ایف نے ہم سے کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا، سستا پیٹرول اسکیم ویسی ہی ہے جیسے ہم نے گیس کے شعبے میں کیا ہے، گیس سیکٹر میں حکومت کی اسکیم پر آئی ایف ایم نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے رواں سال کے شروع میں گیس سیکٹر میں فیول استعمال کی بنیاد پر قدرتی گیس کی مختلف قیمتیں مقرر کی ہیں، پاکستان میں آئی ایم کے نمائندہ ایسٹر پیریز نے کہا تھا کہ پاکستان نے پیٹرول اسکیم سے متعلق آگاہ نہیں کیا، پیٹرول اسکیم کی لاگت، اہداف اور فراڈ روکنے سے متعلق پاکستان سے تفصیلات مانگی ہیں۔